ویب ڈیسک: معروف بھارتی ریپر اور گلوکار یو یو ہنی سنگھ ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ اس بار ان کے ساتھ نظر آنے والی شخصیت ہیں 25 سالہ مصری ماڈل اور اداکارہ ایما بیکر، جن کے ساتھ بڑھتی ہوئی قربتوں نے مداحوں کو چونکا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ہنی سنگھ کو ایما بیکر کے لیے ایک مہنگے ریسٹورنٹ میں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دونوں نہ صرف ایک ساتھ بیٹھے نظر آتے ہیں بلکہ ہنی سنگھ نے ایما کا ہاتھ بھی تھام رکھا ہے، جبکہ ایما ریسٹورنٹ کے عملے کی جانب سے پیش کیے گئے سرپرائز پر خوشی کا اظہار کر رہی ہیں۔
ہنی سنگھ اور مصری اداکارہ ایمابیکرکی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہونے پر قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں کہ دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات پروان چڑھ رہے ہیں۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ ہنی سنگھ ایک مرتبہ پھر محبت کی دھن میں ڈوبتے دکھائی دے رہے ہیں، اور ایما بیکر کے ساتھ ان کی خاص کیمسٹری ان خبروں کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
ایما بیکر کون ہیں؟
ایما بیکر مصر سے تعلق رکھنے والی ایک 25 سالہ ماڈل اور اداکارہ ہیں جو مختلف میوزک ویڈیوز میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، جن میں کئی ہنی سنگھ کے گانے بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایما کو 2023 میں پہلی بار ہنی سنگھ کے ساتھ دیکھا گیا اور اب یہ نئی ویڈیو ان کے تعلقات کی افواہوں کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
ایما انسٹاگرام پر خاصی سرگرم ہیں اور ان کے فالورز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہنی سنگھ کی پہلی شادی شالینی تلوار سے ہوئی تھی جو 2022 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد وہ اداکارہ ٹینا تھاڈانی کے ساتھ تعلق میں رہے لیکن 2023 کے آغاز میں وہ تعلق بھی ختم ہو گیا۔