خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنےکا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنےکا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری، صوبے کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لئے وزیر اعلیٰ کا ایک اور اہم اقدام، صوبے کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

 وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کو مراسلہ ارسال کردیا، مراسلہ  میں کہا گیا کہ پہاڑی علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لئے ان علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے،  پہاڑی علاقوں میں تعمیرات کے بہتر انتظام و انصرام کے لئے مخصوص گائیڈ لائنز پر عملدرآمد ضروری ہے،  اس مقصد کے لئے وزیر اعلی نے متعلقہ حکام پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

مجوزہ ورکنگ گروپ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کی سربراہی میں قائم کی جائے،ورکنگ گروپ میں  متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، متعلقہ اداروں کے سربراہان،  متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ شعبے کے ماہرین کو بطور ممبر شامل کیا جائے، ورکنگ گروپ اس موضوع پر لاجورد نامی نجی تنظیم کے شائع کردہ ریسرچ ڈاکومنٹ " ماونٹین آرکیٹیکچر گائیڈ لائنز" کا تفصیلی جائزہ لے گا،ورکنگ گروپ ماونٹین آرکیٹیکچر گائیڈ لائنز کو صوبے کے ماحولیاتی، ثقافتی، تعمیراتی تقاضوں اور معروضی حالات سے ہم آہنگ بنائے گا۔

ورکنگ گروپ مذکورہ گائیڈ لائنز کی صوبائی حکومت کے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں انضمام کے لئے ضروری ترامیم تجاویز کرے گا، ورکنگ گروپ مقامی سطح کے ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں کے ذریعے ان گائیڈ لائنز کے موثر نفاذ کے لئے میکینزم ترتیب دے گا ،  ورکنگ گروپ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں موجودہ اور نئے تعمیرات میں ان گائیڈ لائنز کو اپنانے کے سلسلے میں فنانشل فیزیبلٹی کا بھیبجائزہ لے گا۔

علاوہ ازیں ورکنگ گروپ ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے تمام پہاڑی علاقوں تک مرحلہ وار توسیع کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے گا، ورکنگ گروپ اس حوالے سے ٹیکنیکل اور فنانشل سپورٹ کے لئے متعلقہ بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے ساتھ رابطے قائم کرے گا،ورکنگ گروپ دو مہینوں میں وزیر اعلیٰ کو اس سلسلے میں قابل تجاویز اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر مشتمل پلان پیش کرے گا۔

Watch Live Public News