(ویب ڈیسک) مالی سال 26-2025 میں عوام کاربن سپورٹ لیوی کی مد میں پیٹرولیم مصنوعات پر 51 ارب اضافی ادا کریں گے۔
وفاقی حکومت کو موجودہ مالی سال میں کاربن لیوی کی مد میں عوام کی جیبوں سے اربوں روپے حاصل ہونے کی امید ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد کاربن سپورٹ لیوی سے حاصل ہونے والے ریوینیو کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردی گئیں۔
دستاویز کے مطابق جون 2025 سے جنوری 2026 تک وفاقی حکومت نے کاربن سپورٹ لیوی کی مد میں 29 ارب 16 کروڑ جمع کر لئے۔موجودہ مالی سال کے اختتام تک کاربن سپورٹ لیوی سے حکومت 22 ارب روپے مزید حاصل کر لے گی۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 26-2025 میں وفاقی حکومت کو کاربن سپورٹ لیوی سے کل 51 ارب روپے حاصل ہوں گے۔ فنانس بل کے تحت پیٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی عائد کی گئی تھی۔فنانس بل میں کاربن لیوی کا نام تبدیل کر کے کاربن سپورٹ لیوی رکھا گیا تھا۔
دستاویز کے مطابق کاربن سپورٹ لیوی میں اضافہ یا کمی نہ کی گئی تو مالی سال کے اختتام تک عوام 51 ارب روپے ادا کریں گے۔