ویب ڈیسک: ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے قبل امریکی ایڈوانس ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دیگر غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیمیں بھی دارالحکومت پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اہم شاہراہوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں ریڈ زون سے کورال تک اور زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند ہے اور متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق، جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
راولپنڈی میں پبلک، گڈز اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ تا حکم ثانی معطل ہے، جبکہ صدر سے فیض آباد مری روڈ اور ایکسپریس وے پر اضافی ناکے قائم ہیں۔
فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر بس اڈے بند ہیں، میٹرو بس سروس جزوی معطل ہے، اور فیض آباد میں تجارتی مراکز بھی بند کیے گئے ہیں۔