ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی، 100 انڈیکس نے نیا سنگ میل عبور کر لیا۔
گردشی قرضے کے خاتمے کے اقدامات، شرحِ سود میں کمی کی توقعات اور کمپنیوں کے مثبت نتائج کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 1 لاکھ 50 ہزار کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 انڈیکس 1808 پوائنٹس کے اضافے سے 150004 کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کاروباری برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معیشت کی بہتری کی بدولت سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا۔ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، مگر مزید محنت درکار ہے۔ معاشی ٹیم نے شب و روز محنت سے معیشت کو مشکلات سے نکالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں و تاجر برادری نے مشکل وقت میں بھی پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھیں، جو قابل تحسین ہے۔ ملک میں کاروبار کی ترقی و سرمایہ کاروی میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔