(ویب ڈیسک ) کراچی میں مون سون کے طاقتور نظام کے تحت ایک بار پھر گہرے بادل چھا گئے اور دوپہر کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے شہریوں کو گھروں تک محدود کر دیا۔
بارش کے باعث سرجانی ٹاؤن، گلشنِ اقبال، ناظم آباد، شارع فیصل، گلستانِ جوہر، فیڈرل بی ایریا، ملیر، قیوم آباد اور نیو کراچی سمیت کئی علاقوں میں پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا۔ اندرونِ شہر کی گلیوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ گلشن حدید میں گھنٹوں جاری رہنے والی بارش نے گلیوں کو ندی نالوں میں بدل دیا، جس کے نتیجے میں گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔
???? کراچی کے مختلف علاقوں میں ⚡⚡⚡ طوفانی بارش، سیلابی صورتحال، لوگ گھروں میں رہیں! pic.twitter.com/XFXF5Br9ny
— PakWeather (@Pak_Weather) August 19, 2025
شہریوں نے قیمتی سامان بچانے کے لیے اشیاء کو اونچی جگہوں پر منتقل کیا۔ حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، لیاقت آباد نمبر 10، ضیاء کالونی، گلشن شمیم، جیل چورنگی، کارساز، کورنگی اور ایکسپریس وے جیسے اہم مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔
بارش کے ساتھ ہی شہر میں 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام تاحال مکمل بحال نہیں ہو سکا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین روز تک کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران کہیں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔