سیالکوٹ ( پبلک نیوز) لیگی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس ملک کے جو معاشی حالات ہیں کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ موجودہ حکمران سیاست اور حکومت میں چوردروازے سے گھس آئے ہیں۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب انتخابات شفاف نہیں ہوں گے تو عمران خان جیسے حکمران عوام پر ایک عذاب کی صورت میں مسلط ہوجائیں گے۔ عمران خان کے اپنے ساتھی کہہ رہے کہ اگر یہ پانچ سال مکمل کرے گا تو ملک دیوالیہ ہوجائے گا۔ معاشی بدحالی کی وجہ سے لوگ اپنے بچے چوکوں میں بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف کی حکومت آئے گی تو آئین کی حکمرانی ہوگی اور عدالتیں قانون اور انصاف پر مبنی فیصلے کریں گی۔ عدالتیں یہ فیصلے نہیں کریں گی کہ نواز و مریم کو سزا دی جائے کیونکہ خان کو حکمران بنانا ہے۔ جب اس ملک کا چیف جسٹس یہ کہے تو اس ملک میں انصاف کہاں ملے گا۔ جب ملک کے وزیراعظم کو انصاف نہیں ملتا تو عام انسان کو کیسے انصاف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب شفاف ہو تو اور ایک نئے سفر کا آغاز ہو تو پاکستان کی معیشت ٹھیک جائے گی۔ ہمارے دور حکومت میں مہلک او جان لیوا امراض کا علاج مفت کیا جاتا تھا۔ لاکھوں طلباء کو وظائف دیئے گئے اور اعلی تعلیم کے لئے بیرون ممالک بھی بھیجا گیا۔ نواز شریف کراچی میں امن اور روشنیاں لیکر آیا اور دہشت گردی ختم کی۔ عوام ووٹ کے ذریعے احتساب کرے کیونکہ پاکستان کے ادارے احتساب کے قابل نہیں ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احتساب کرنے والوں کو اسکرپٹ دیا جاتا ہے کہ اس کے مطابق کام کریں۔ آپ کا اور میرا قائد بہت جلد سرخرو ہو کر واپس آئے گا۔ لاہور اور خانیوال کے نتائج بتائے ھیں کہ جب شفاف الیکشن ہوتے ہیں تو شیر پر ٹھپے لگتے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف جھوٹے دعوے کرنیوالوں کو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔ مہنگائی کا کسی نیب یا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کیوں نوٹس نہیں لیا؟ گندم، چینی اور دوائیوں کے اسکینڈل میں ملوث افراد نے ہزاروں ارب روپوں کا فائدہ حاصل کیا ہے۔ مہنگائی کے باعث پی ٹی آئی کے ووٹرز کی اب اپنی چیخیں نکل آئی ہیں۔ اگر عمران خان دھاندلی کے ذریعے اقتدار پر نہ آتا تو اس کا اصل چہرہ عوام کے سامنے نہ آتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کنٹینر پر جو وعدے کئے سب جھوٹ ثابت ہوئے۔ میاں نواز شریف نے جو اثاثے بنائے تھے ان اثاثوں کو گروی رکھ کر ہی قرضے لئے جا رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائے گا خودکشی کرلے گا۔ خودکشی کے لئے بھی غیرت کی ضرورت ہوتی ہے جو عمران خان کے پاس نہیں۔ آپکی پارٹی کا بندہ جسٹس وجیہہ الدین جسے صدارتی امیدوار بنایا وہ کہتا ہے کہ آپ بیگانے ٹکڑوں پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرکٹ میں ڈبل سنچری تو نہ کی لیکن ڈالر کی ڈبل سنچری ضرور کرے گا۔ عمران خان کہتا تھا کہ جب ایک روپیہ ڈالر مہنگا ہو تو 500 ارب روپے کا قرضہ بڑھ جاتا ہے۔ عمران خان نے کئی ہزار ارب کے قرضں کا بوجھ اس ملک پر ڈالر مہنگا ہونے سے ڈالا۔ ایف بی آر کے چیئرمین شبر رضوی نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔ جس طرح رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس کو ڈاؤن کرکے ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا اور عمران خان کو مسلط کیا اس سے عوام کی آواز کو دبایا گیا ہے۔