لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سے مشیر سیاحت و کھیل عون چودھری نے ملاقات کی ہے اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے مشیر سیاحت و کھیل عون چودھری نے اہم ملاقات کی ہے ، ملاقات میں پنجاب سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی ہے ، عون چودھری نے وزیراعظم تک جہانگیر ترین کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا ہے ۔خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی گذشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین سے لاہور میں ملاقات ہوئی تھی کہ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر گلدستہ پیش کیا ، چودھری شجاعت حسین سے شہباز شریف نے ان کی خیریت بھی دریافت کی ، اس موقع پر وفاقی وزرا طارق بشیر چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان اور چودھری سالک حسین بھی ملاقات میں شریک تھے۔دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف اور چودھری شجاعت حسین نے سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی ، وزیراعظم نے عوام کیلئے ریلیف اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے کوششوں بارے چودھری شجاعت حسین کو آگاہ بھی کیا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں قائدین نے باہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا، دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے ضروری ہے۔