سندھ حکومت کا سندھ پبلک سروس کمیشن کے بھرتی، امتحانی نظام میں اے آئی متعارف کرانے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا سندھ پبلک سروس کمیشن کے بھرتی، امتحانی نظام میں اے آئی متعارف کرانے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) سندھ حکومت  نےسندھ پبلک سروس کمیشن کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔جس میں  وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شریک ہوئے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی سے ایس پی ایس سی کے امتحانی عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، سوالیہ پرچوں کی تیاری، اسیسمنٹ اور امتحانی ڈیٹا مینجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، امتحانی نظام کے بعض مراحل میں غیر ضروری انسانی مداخلت کم کرنے کے لیے اے آئی استعمال کی جائے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ایس پی ایس سی کے امتحانی اور بھرتی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایا جائے گا، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال کے ساتھ میرٹ، شفافیت اور انصاف کے اصول برقرار رکھے جائیں گے،صوبے بھر میں ٹیکنالوجی سے آراستہ ورک اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، ورک اسٹیشنز سے سندھ کے مختلف علاقوں کے امیدواروں کو جدید امتحانی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی امتحانی نظام صرف سندھ پبلک سروس کمیشن تک محدود نہیں رہے گا،آئندہ مراحل میں تعلیمی بورڈز، دیگر اہم امتحانات اور بھرتی کے مختلف مراحل میں بھی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو متعارف کرایا جائے گا،ایس پی ایس سی میں جدید ٹیکنالوجی مرحلہ وار اور مناسب حفاظتی اقدامات کے ساتھ متعارف کرائی جائے گی، سرکاری اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتظامی کارکردگی اور عوامی خدمات بہتر بنانے میں مددگار ہوگا، اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے دستی عمل کم اور امتحانی نظام کی درستگی و کارکردگی بہتر ہوگی۔

Watch Live Public News