ویب ڈیسک:(دانش منیر) بیوروکریسی کا دہرا معیار کھل کر سامنے آگیا۔ معاشی تنگی کا جواز بناکر سرکاری ملازمین کی پینشنز میں کٹوتی شروع کی گئی تو دوسری جانب پنجاب اسمبلی اراکین اور اعلی سرکاری افسران پر ایک کے بعد ایک نوازش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے بعد اعلی سرکاری افسران پر خزانے کے منہ کھول دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خزانہ پنجاب مجاہد شیر دل نے مزید چالیس فیصد الاؤنس کی سمری تیار کی۔ گریڈ 20 اور زائد کے افسران کو سپیشل الاؤنس دینے کی تیاری کرلی۔ گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران کو بنیادی پے سکیل پر مزید الاؤنس دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ گریڈ 20 سے 22 تک چالیس فیصد بطور سپیشل الاؤنس دینے کی سفارشات کردی گئیں۔ سپیشل الاؤنس کے لیے بیوروکریسی نے سمری وزیر اعلی پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق بیوروکریسی کے لیے چالیس فیصد الاؤنس کی سمری صوبائی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کردی گئی ہے۔ سیکرٹری خزانہ وزیراعلی پنجاب سے آج ہی چالیس فیصد الاؤنس کی منظوری کے لیے سرگرم ہیں۔