ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تفصیلات میں انکشاف ہوا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں سے ریٹائر ہونے والے 33 اعلیٰ افسران اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں اور غیر ملکی کرنسی میں پنشن وصول کر رہے ہیں۔
وزارت خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم ان ریٹائرڈ افسران کو حکومت پاکستان غیر ملکی کرنسی میں پنشن کی مد میں سالانہ 34 کروڑ 21 لاکھ روپے ادا کرتی ہے۔
دستاویزات کے مطابق بیرون ملک مقیم بعض ریٹائرڈ افسران کو پنشن غیر ملکی کرنسی کے بجائے پاکستانی روپے میں بھی ادا کی جاتی ہے۔
تاہم وزارت خارجہ کے پاس ان ریٹائرڈ افسران کی تعداد اور تفصیلات دستیاب نہیں جو بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستانی کرنسی میں پنشن وصول کر رہے ہیں۔