ویب ڈیسک: پاکستان کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے یوٹیوبر ڈکی بھائی، جن کا اصل نام سعد الرحمان ہے، نے اپنی آمدنی اور یوٹیوب چینل تک رسائی سے متعلق اہم انکشافات کر دیے ہیں۔
ڈکی بھائی نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنے چینل کی موجودہ صورتحال اور کمائی کے حوالے سے حقائق بیان کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت انہیں اپنے یوٹیوب چینل پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہے۔
ڈکی بھائی کے مطابق، ’’مجھے چینل تک مکمل رسائی نہیں دی گئی، چینل پر صرف یہ دکھایا جا رہا ہے کہ میں بطور ایڈیٹر شامل ہوں۔ نہ تو مجھے آمدنی کی تفصیلات نظر آ رہی ہیں اور نہ ہی ویڈیوز اپلوڈ یا ڈیلیٹ کرنے کی اجازت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا یوٹیوب چینل اب عملی طور پر ان کے کنٹرول میں نہیں رہا۔ ’’ایڈسینس بلاک کر دیا گیا ہے، لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میں نے جیل سے رہائی کے بعد ویڈیوز کے ذریعے بہت پیسہ کمایا، مگر حقیقت یہ ہے کہ میں نے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔ میرے ساتھ شدید ناانصافی ہو رہی ہے۔‘‘
ڈکی بھائی نے اپنے ریسٹورنٹ کے معاملات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے فی الحال کوئی تفصیل شیئر نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے مطابق تمام کاروباری امور اور اخراجات اس وقت اریب دیکھ رہے ہیں۔
ڈکی بھائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بعض صارفین نے ان کے بیانات پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ تاہم مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی نے اپنی صورتحال کھل کر بیان کی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی افسوسناک ہے۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو چند ماہ قبل ویڈیوز میں بیٹنگ ایپلی کیشنز کی تشہیر کے الزام میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم نومبر کے اختتام پر انہیں ضمانت پر رہائی مل گئی۔ رہائی کے بعد انہوں نے دوبارہ یوٹیوب پر ڈیلی وی لاگز بنانا شروع کر دیے ہیں اور وہ جلد 10 ملین سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کرنے والے ہیں۔