ویب ڈیسک: سعودی حکومت نے دارالحکومت ریاض میں رہائش کو مزید آسان بنانے کے لیے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو رہائشی پلاٹس مارکیٹ ریٹ سے نمایاں طور پر کم قیمت پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
رائل کمیشن فار ریاض سٹی کے تحت ریئل اسٹیٹ بیلنس پلیٹ فارم کے ذریعے الیکٹرانک قرعہ اندازی کے بعد 10 ہزار سے زائد رہائشی پلاٹس مختص کیے گئے ہیں۔ ان پلاٹس کی قیمت 1500 سعودی ریال فی مربع میٹر مقرر کی گئی ہے، جو ریاض کی اوسط مارکیٹ قیمت سے تقریباً 50 فیصد کم ہے، جبکہ بعض علاقوں میں یہ رعایت 84 فیصد تک بتائی جا رہی ہے۔
یہ رہائشی پلاٹس ریاض کے آٹھ مختلف علاقوں میں فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد زمین اور کرایوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانا اور عام شہری کے لیے گھر کی ملکیت کو ممکن بنانا ہے۔
حکومتی منصوبے کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں ہر سال 10 ہزار سے 40 ہزار مکمل تیار شدہ رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ رئیل اسٹیٹ میں قیاس آرائی اور منافع خوری روکنے کے لیے ان پلاٹس کی خرید و فروخت پر 10 سال کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف رہائشی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ ریاض میں معیارِ زندگی بہتر ہونے، معاشی استحکام اور شہری ترقی کو فروغ ملنے کی بھی توقع ہے۔