ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےنوید سنادی

ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےنوید سنادی
کیپشن: ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں،محکمہ موسمیات نےنوید سنادی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ  کالام میں برف باری، آسمان سے گرتے گالوں سے نظارے حسین ہوگئے، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

  محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، جھل مگسی،گنداواہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ زیارت اور گرد و نواح میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔زیارت میں برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا، زیارت، زیرو پوائنٹ، چکور تنگی، ملی گٹ اور سڑی کے مقام پر برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم کوئٹہ، زیارت، قلات، بارکھان، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ عبداللہ، چمن،سبی، قلات،خضدار، پشین اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ شام یا رات میں راولپنڈی، جہلم، منگلا، اٹک، سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اس دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بعض مقامات پر شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد اوراور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ اس دوران وادی نیلم، استور، سکردو اورہنزہ میں بعض مقامات پر شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہناہےکہ شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 14جبکہ زیادہ سے زیادہ 23ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے،شہر میں ہوا کا نمی کا تناسب 33فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ترجمان پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے پنجاب میں بادل داخل،ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش جاری ہے،آج رات کو لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سرگودھا، میانوالی بھکر خوشاب حافظ آباد گجرانوالہ منڈی بہاوالدین اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ فیصل آباد شیخو پورہ نارووال اور سیالکوٹ  میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہناہے کہ سیاح   موسم کی مناسبت سےانتہائی محتاط رہیں،سیاح موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News