ویب ڈیسک: ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری اور نجی جامعات کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کریں۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ فیصلہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے پیش نظر کیا گیا ہے، جہاں اے آئی تعلیم، صحت، معیشت اور طرزِ حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
جامعات کے وائس چانسلرز کو ارسال کردہ مراسلے میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ اے آئی کی تعلیم اب کوئی اضافی سہولت نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات جیسے اہم پہلوؤں سے آگاہ کرنا ناگزیر ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جامعات اس کورس کو اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا متعلقہ پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر شامل کر سکتی ہیں۔ نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اس کے اطلاقات، اخلاقی تقاضے، انصاف اور احتساب جیسے موضوعات کو لازمی طور پر شامل کیا جائے گا، جبکہ اداروں کو اپنے پروگرام کی نوعیت کے مطابق مواد میں ضروری تخصیص کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
ایچ ای سی نے ہدایت کی ہے کہ یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ العمل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو اے آئی سے ہم آہنگ عالمی ماحول میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا اور قومی معیشت کو بین الاقوامی سطح پر مزید مسابقتی بنانا ہے۔