ویب ڈیسک: اینٹی نارکوٹکس فورس کیجانب سے شیخوپورہ میں سالانہ منشیات تلفی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ جس میں 18 ٹن سے زائد مختلف اقسام کی منشیات اور ایک لاکھ69 ہزار لیٹر سے زائد شراب تلف کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات میں شراب، چرس، ہیروئن، آئس، پوست اور بھنگ شامل تھیں۔ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے منشیات کو جدید طریقے سے انڈسٹریل انسنریٹر میں نظر آتش کیا گیا۔
تقریب میں ریجنل ڈائریکٹراے این ایف پنجاب ، ڈائریکٹر جنرل سی این ایف پنجاب، آر پی او شیخوپورہ ، بشپ آف لاہور اور یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے وائس چانسلر نے خصوصی شرکت کی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے رواں سال 590 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کر کے 463 مقدمات درج کیے۔ رواں سال مختلف عدالتوں سے 35 خطرناک اسمگلرز کو عمر قید اور 132 اسمگلرز کو سخت سزائیں بھی دلوائیں گئیں۔
اے این ایف کی جانب سے کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت ہزار سے زائد تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی سیمینارز بھی منعقد کیے گئے۔