(ویب ڈیسک ) برطانوی پولیس کی جانب سے کنگ چارلس کے بھائی اینڈریو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس کے بھائی، اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کو سرکاری عہدے میں بدعنوانی کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی انگلینڈ میں واقع اینڈریو کی رہائش گاہ پر برطانوی پولیس پہنچی۔ سینڈرنگھم اسٹیٹ کے ووڈ فارم ہاؤس پر 6 بغیر نشانات والی پولیس گاڑیاں اور تقریباً 8 سادہ لباس اہلکار جمعرات کی صبح دیکھے گئے۔
تھیمز ویلی پولیس نے فروری کے اوائل میں کہا تھا کہ وہ ان الزامات کا جائزہ لے رہی ہے جن کے مطابق انڈریوماؤنٹ بیٹن ونڈسر نے مبینہ طور پر خفیہ سرکاری دستاویزات بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو فراہم کیں، جیسا کہ حال ہی میں جاری ہونے والی فائلوں میں دعویٰ کیا گیا ہے۔
انڈریوماؤنٹ بیٹن ونڈسر نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں ایپسٹین کے ساتھ اپنی دوستی پر افسوس ہے، تاہم امریکی حکومت کی جانب سے تازہ فائلوں کی اشاعت کے بعد انہوں نے مخصوص سوالات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
انہیں 2019 میں تمام سرکاری شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونا پڑا تھا، اور اکتوبر 2025 میں کنگ چارلس نے ایپسٹین کے ساتھ قریبی تعلقات کے باعث ان سے شہزادے کا خطاب بھی واپس لے لیا تھا۔ رواں ماہ کے آغاز میں انہیں اپنی شاہی رہائش گاہ خالی کرنے پر بھی مجبور کیا گیا۔
ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کو ایپسٹین کے ساتھ تعلقات کے باعث کئی برسوں سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ 2022 میں انہوں نے ورجینیا جیوفرے کی جانب سے دائر مقدمہ عدالت سے باہر طے کیا تھا، جس میں ان پر کم عمری میں جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ جیوفرے اپریل 2025 میں خودکشی کر گئی تھیں۔