بابر اعظم کو ریسٹ دینے کی تجویز پر استعفیٰ دیا، محمد یوسف کا انکشاف

بابر اعظم کو ریسٹ دینے کی تجویز پر استعفیٰ دیا، محمد یوسف کا انکشاف
کیپشن: بابر اعظم کو ریسٹ دینے کی تجویز پر استعفیٰ دیا، محمد یوسف کا انکشاف

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے سابق سلیکٹر محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بابر اعظم کے معاملے پر اختلاف کے باعث استعفیٰ دینا پڑا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل انٹرویو میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور سلیکٹر بابر اعظم کو ریسٹ دینے، فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے اور اکیڈمی میں جا کر اپنی تکنیک پر کام کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم اس پر شدید ردعمل سامنے آیا اور بیشتر لوگ ان کے خلاف ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ “جب میں نے بابر کو ریسٹ دینے کی بات کی تو شور مچ گیا کہ آپ بابر کو باہر کر دیں گے۔ اس صورتحال میں میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ میرا استعفیٰ فوری طور پر قبول نہیں کیا جا رہا تھا، یہاں تک کہ مجھے تیسری بار استعفیٰ دینا پڑا۔”

محمد یوسف کے مطابق بابر اعظم کی تکنیک متاثر ہو چکی ہے اور وہ گزشتہ تین برس سے مستقل رنز نہیں بنا پا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی دو تین سیریز میں آؤٹ آف فارم ہو سکتا ہے، لیکن تین سال تک کارکردگی میں تسلسل نہ ہونا تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم اپنی تکنیک پر کام کریں تو وہ دوبارہ مضبوط کم بیک کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News