ویب ڈیسک:کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے دوران اندر پھنسے ایک شہری کی جانب سے موبائل پر بھیجا گیا آڈیو پیغام منظرِ عام پر آگیا ہے، جس میں وہ شدید آگ میں پھنسنے اور نکلنے میں مشکلات کا ذکر کرتا ہے۔
گل پلازہ میں ہفتہ کی رات تقریباً 10 بجے لگنے والی آگ تاحال مکمل طور پر بجھائی نہیں جا سکی، جبکہ عمارت کی مخدوش حالت کے باعث امدادی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ اس دوران لاپتہ افراد کے لواحقین عمارت کے باہر شدید پریشانی اور بے بسی کی کیفیت میں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں شہری کہتا ہے کہ “اسلام علیکم، میں گل پلازہ میں چاروں طرف سے پھنس چکا ہوں، بہت خطرناک قسم کی آگ لگی ہے، میرا نکلنا بہت مشکل ہوگیا ہے، مجھ سے کوئی غلطی یا کوتاہی ہوئی ہو تو معاف کردینا۔”
آڈیو میں دیگر پھنسے افراد کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں، جہاں ایک شخص یا اللہ پکارتا ہے اور دروازہ توڑنے کی بات کرتا ہے، جس پر جواب میں کہا جاتا ہے کہ باہر آگ لگی ہوئی ہے۔
دوسری جانب گل پلازہ کی چھت سے خصوصی مناظر بھی سامنے آئے ہیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی چھت پر متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں موجود ہیں، جو خوش قسمتی سے آگ کے باوجود تاحال محفوظ اور درست حالت میں ہیں۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق گل پلازہ کی عمارت کو انتہائی مخدوش قرار دے دیا گیا ہے اور بالائی چھت کے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے تاہم صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کے باعث عمارت کے دو حصے منہدم ہوگئے۔ حادثے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق، 56 افراد لاپتہ جبکہ 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 18 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ہیلپ لائن نمبرز:
سندھ حکومت نے معلومات اور لاپتہ افراد کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔
021-99206372 — 021-99205625
021-99205670 — 0313-5048048
021-99201196 — 021-99205691