پاکستان اور جرمنی کے درمیان نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور جرمنی کے درمیان نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ پر اتفاق
کیپشن: پاکستان اور جرمنی کے درمیان نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم آفس میں پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینکا لیپل سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جرمن سفیر اینکا لیپل نے بتایا کہ جرمن حکومت پاکستان سے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جرمنی میں تقریباً 6 ہزار پاکستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ آئندہ برسوں میں اس تعداد کو بڑھا کر 10 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

جرمن سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور اکیڈمک تبادلوں کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، بالخصوص ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (TVET) کے شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔

اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے جرمن سفیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اغراض و مقاصد، سابقہ کامیابیوں، جاری منصوبوں اور آئندہ کے پروگراموں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے نیشنل یوتھ کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کونسل نوجوانوں سے متعلق پالیسی سازی میں ایک مؤثر مشاورتی کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت شروع کی گئی گرین یوتھ موومنٹ پر بھی گفتگو کی گئی، جس کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحول دوست سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنا ہے۔

جرمن سفیر اینکا لیپل نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی شمولیت، مہارتوں کی ترقی اور روزگار سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعلیم، فنی تربیت، مہارتوں کی ترقی اور یوتھ ایکسچینج پروگرامز میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News