ویب ڈیسک: سانحہ گل پلازہ میں جاری ریسکیو آپریشن کی مؤثر نگرانی کے لیے کمشنر کراچی کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر جنوبی نے 30 افسران پر مشتمل چھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی کے مطابق ہر ٹیم میں ایک سربراہ کے ساتھ دو اسسٹنٹ کمشنرز اور دو مختیارکار شامل ہوں گے۔ یہ ٹیمیں تین شفٹوں میں کام کریں گی تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
پہلی ٹیم کی قیادت ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ امیر فضل اویس کریں گے، جو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کمانڈنگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔ دوسری ٹیم کی سربراہی ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کریں گے، جو صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک آپریشن انچارج ہوں گے۔ تیسری ٹیم اے ڈی سی ون ساؤتھ اسمیٰ بتول کی قیادت میں دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک خدمات انجام دے گی۔ چوتھی ٹیم اے ڈی سی ون سینٹرل عاصم عباسی کی سربراہی میں رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک ذمہ داریاں نبھائے گی۔
پانچویں ٹیم اے ڈی سی ون ایسٹ سمیع اللہ سنجرانی کی قیادت میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کام کرے گی۔
چھٹی اور آخری ٹیم اے ڈی سی ون کیماڑی عبدالستار کڑو کی سربراہی میں شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کمانڈنگ افسر کے فرائض انجام دے گی۔
انتظامیہ کے مطابق تمام ٹیمیں گل پلازہ سانحے کے بعد جاری ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کریں گی تاکہ متاثرین کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔