سانحہ گل پلازہ: لاپتا افراد کی تعداد 73 ہو گئی، کولنگ کا عمل جاری

سانحہ گل پلازہ: لاپتا افراد کی تعداد 73 ہو گئی، کولنگ کا عمل جاری
کیپشن: سانحہ گل پلازہ: لاپتا افراد کی تعداد 73 ہو گئی، کولنگ کا عمل جاری

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں۔

سندھ حکومت کے قائم کردہ ہیلپ ڈیسک کے مطابق ابتدائی طور پر 70 افراد کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کی گئی تھی، جبکہ آج مزید 3 افراد کے نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف آزاد خان نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے آگ بھڑک اٹھی تھی، جو ابتدا میں گراؤنڈ فلور پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ ہفتے کی شب 10 بج کر 14 منٹ پر آرٹیفیشل گملوں اور پھولوں کی ایک دکان میں لگی، جبکہ 10 بج کر 38 منٹ پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔

سانحہ گل پلازہ میں اب تک 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

Watch Live Public News