کشمیر میں بےبسی کا احساس غالب، نئی دہلی کو کشمیریوں کی کوئی پروا نہیں، سابق را سربراہ

کشمیر میں بےبسی کا احساس غالب، نئی دہلی کو کشمیریوں کی کوئی پروا نہیں، سابق را سربراہ
کیپشن: کشمیر میں بےبسی کا احساس غالب، نئی دہلی کو کشمیریوں کی کوئی پروا نہیں، سابق را سربراہ

ویب ڈیسک: بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ اے ایس دولت نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بےبسی کا احساس غالب ہے اور نئی دہلی کو کشمیریوں کے حالات کی کوئی پراہ نہیں۔

چنئی میں منعقدہ لیٹریچر فیسٹول میں گفتگو کرتے ہوئے اے ایس دولت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت جمود کا شکار ہے، اور کشمیری صرف امید کے سہارے زندہ ہیں۔

سابق سربراہ ’را‘ نے کشمیریوں میں مایوسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی کی بی جے پی اور موجودہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی بی جے پی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ان کے مطابق، واجپائی کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدہ تھے، جب کہ مودی حکومت کو اس مسئلے سے کوئی خاص سروکار نہیں ہے۔

آرٹیکل 370 کی منسوخی پر بات کرتے ہوئے اے ایس دولت نے کہا کہ کشمیریوں سے یہ علامتی سہارا بھی چھین لیا گیا ہے، اور یہ ایک ایسا قدم تھا جس کے نتائج کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ ان کے مطابق، آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جس بڑے احتجاج کی توقع تھی، وہ نہیں ہوا، بلکہ کشمیری خاموش ہو گئے ہیں، اور یہی خاموشی خوفناک ہے۔

فیسٹول میں بھارتی بالی ووڈ فلموں میں مسلمانوں کو منفی کرداروں میں دکھائے جانے پر بھی سخت تنقید کی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسٹری مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے اور یہ مذہبی تقسیم کا باعث بن رہی ہے۔

Watch Live Public News