ہنگو: پولیس مقابلےمیں ڈی پی او زخمی، 5 دہشت گرد ہلاک

ہنگو: پولیس مقابلےمیں ڈی پی او زخمی، 5 دہشت گرد ہلاک
کیپشن: ہنگو: پولیس مقابلےمیں ڈی پی او زخمی، 5 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: ہنگو میں پولیس اور ٹل اسکاؤٹس نے مشترکہ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی پی او محمد خالد اور ایس ایچ او نبی خان زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، زرگیری، شناوڑی اور اطراف کے علاقوں میں غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ دہشت گردوں نے مسجد اور پہاڑی علاقوں میں پناہ لی ہوئی تھی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈی پی او محمد خالد کو چار گولیاں لگیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ایس ایچ او نبی خان کو معمولی زخم آئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے ڈی پی او کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے تصدیق کی ہے کہ آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او سے بات ہوئی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی ڈی پی او محمد خالد سے فون پر رابطہ کر کے خیریت دریافت کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے جرات مندی سے دشمنوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔

فی الحال علاقے میں کرفیو نافذ ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ردعمل سے نمٹا جا سکے۔

Watch Live Public News