ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر میں سی ایم فری وائی فائی سروس کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق، لاہور میں مفت وائی فائی پوائنٹس کی تعداد 230 سے بڑھا کر 430 کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے اضلاع میں مجموعی طور پر 710 مقامات پر سروس فعال ہو چکی ہے۔
فری وائی فائی سروس اب 11 کے بجائے پنجاب کے 22 اضلاع میں دستیاب ہے جن میں لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق، فری وائی فائی سروس کو جدید وائی فائی 6 ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو تیز اور مؤثر انٹرنیٹ مہیا کیا جا سکے۔ اب تک 37.22 ملین سے زائد صارفین 905 ٹیرا بائٹ ڈیٹا استعمال کر چکے ہیں۔
یہ سہولت ایمرجنسی نوعیت کے استعمال کے لیے فراہم کی گئی ہے، اسے ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے، اور فری وائی فائی سروس کو جلد پورے پنجاب تک وسعت دی جائے گی۔