این ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا

این ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے ملک میں پیر تا بدھ طوفانی بارشوں کے سلسلے کے آغاز پرمتعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق پیر سے بدھ تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وسیع پیمانے پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کے باعث خیبر پختونحوا ،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں ندی نالوں، دریاؤں میں طغیانی، اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان، اسٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ۔ پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی مشینری و عملہ بشمول نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں ۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے آگاہی مہم چلائیں، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہتے ہوئے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے متعلقہ ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر مطلع کر یں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول موٹروے، ٹریفک پولیس شمالی علاقہ جات کی جانب سفر کرنے والے مسافر و سیاحوں کو تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔