ایران اسرائیل جنگ پر عالمی برادری متحرک ہو، پاکستان کی بھرپور مذمت: وزیراعظم شہباز شریف

ایران اسرائیل جنگ پر عالمی برادری متحرک ہو، پاکستان کی بھرپور مذمت: وزیراعظم شہباز شریف
کیپشن: ایران اسرائیل جنگ پر عالمی برادری متحرک ہو، پاکستان کی بھرپور مذمت: وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل نے برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس روز جنگ کا آغاز ہوا، اسی دن انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے رابطہ کیا اور ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال میں فوری مداخلت کرے۔

شہباز شریف نے غزہ کی صورتحال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں 50 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم ترکیہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ فلسطینی عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، جبکہ زرعی شعبے کی ترقی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور متوسط طبقے کو ٹیکس ریلیف فراہم کیا گیا ہے، خاص طور پر 6 سے 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن پر صرف ایک فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ترقیاتی بجٹ کا حجم ایک ہزار ارب روپے رکھا گیا ہے اور حکومت کی پالیسیوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2023 میں شدید معاشی بحران کے باوجود پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا۔

شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کی امریکا اور یورپ میں قومی مؤقف کی مؤثر نمائندگی کو بھی سراہا۔

آخر میں وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی حمایت سے دشمن کو شکست دی گئی ہے، اور ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ سکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

Watch Live Public News