ویب ڈیسک: (علی زیدی) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو مشورہ دیا کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالثی سے پہلے اپنی جنگ پر توجہ دیں۔
انڈیپنڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران ٹرمپ نے بتایا کہ پیوٹن نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں ثالثی کی پیشکش کی تھی۔ جس پر انہوں نے کہا کہ "میں نے پیوٹن سے کہا کہ مہربانی کر کے پہلے اپنی جنگ کا حل نکالو۔ روس کی صورتحال سنبھال لو، باقی بعد میں دیکھ لینا۔"
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین اور نیٹو کے رہنما یوکرین کے لیے مزید امداد پر زور دے رہے ہیں۔
یورپی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایسٹونیا کی وزیراعظم کایا کالاس نے بھی خبردار کیا کہ اگر یورپ نے یوکرین کی مدد نہ کی تو
"ہم سب کو روسی زبان سیکھنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔"
یہ بیان نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ریمارکس کی تائید میں دیا گیا، جنہوں نے بھی یوکرین کی مدد کو یورپ کی سلامتی سے جوڑا تھا۔
ادھر یوکرینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں روسی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل بھی کیف میں مہینوں کا سب سے تباہ کن حملہ دیکھنے میں آیا۔
مشرقِ یورپ اور مشرقِ وسطیٰ میں بیک وقت بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی برادری کے لیے سفارتی چیلنجز کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔