ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آ رہی ہے اور ان کی پوری توجہ عوام کو بلا معاوضہ علاج کی سہولت فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
صوبائی حکومت نے صحت عامہ کے میدان میں ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے "کلینک آن ویلز" منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے نئی موبائل میڈیکل یونٹس کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں کو گاڑیوں کی چابیاں بھی دیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس اور امراضِ قلب میں مبتلا مریضوں کو ان کے گھروں پر ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب یہ موبائل کلینکس پنجاب کے تمام اضلاع اور شہری علاقوں میں اپنی خدمات فراہم کریں گے۔
"میرا خواب ہے کہ لوگوں کو ان کا حق ان کی دہلیز پر دیا جائے — اور یہ خواب حقیقت میں بدل رہا ہے،" وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیر صحت عمران نذیر، سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر ٹیم ارکان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت کے بغیر یہ منصوبہ ممکن نہیں تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ موبائل کلینکس مکمل ایئر کنڈیشنڈ اور ایک چلتا پھرتا آپریشن تھیٹر ہیں، جن کے ذریعے صرف پچھلے ایک سال میں ایک کروڑ افراد کا علاج کیا گیا، جبکہ روزانہ 45 ہزار سے زائد مریض مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں اب مفت ادویات فراہم کی جائیں گی، جس کے لیے حکومت نے 100 ارب روپے کا خصوصی فنڈ مختص کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میو اسپتال سمیت بڑے طبی اداروں میں اب بہتر سہولیات میسر ہیں، لیکن گزشتہ چار برسوں میں نظام زوال پذیر رہا۔
"ہماری کوشش ہے کہ عوام کو ان کا حق واپس دلایا جائے، اور صحت کی سہولیات کو ہر گلی، ہر محلے تک پہنچایا جائے۔"
مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ "کلینک آن ویلز" کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ ہر شہری کو اس کی دہلیز پر صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔