ویب ڈیسک: اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد مبشر حسن چشتی نے سماعت کی۔
وزیراعلیٰ کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے اپنے دلائل میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تین جولائی تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔ علی امین گنڈاپور کے عدالت پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ 342 کے سوال نامہ کے جواب جمع کروا دیں، کب تک جواب جمع کروائیں گے؟ علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کروائی کہ خیبر پختونخواہ کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کروا دیں گے۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔عدالت نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت دو جولائی تک ملتوی کر دی۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے۔