ویب ڈیسک: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے لبنان پر اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائیوں کو امریکا اور ایران کے درمیان طے شدہ مذاکرات کے ملتوی ہونے کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں آج صبح مزید 16 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ سکیورٹی خدشات اور مسلسل اسرائیلی کارروائیوں کے باعث ایرانی وفد سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ نہیں ہو سکا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانگی کی مکمل تیاری کر چکے تھے، تاہم لبنان میں اسرائیلی حملوں کے تسلسل کے باعث وفد کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ملتوی ہونے والے مذاکرات کی نئی تاریخ اور مقام کے تعین کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوج کی حالیہ کارروائیاں گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران ہونے والی شدید ترین بمباری میں شمار ہوتی ہیں، جن کے باعث خطے میں سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے عمل کو بھی دھچکا پہنچا ہے۔