(ویب ڈیسک ) ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو امن معاہدے کی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔وزیراعظم نے ایران اور امریکہ امن معاہدے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر ولی عہد اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔
وزیراعظم نے دور اندیشی اور فراست کے ساتھ سعودی عرب کی قیادت کرنے پر ولی عہد کی تعریف کی جبکہ ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو امن معاہدے کی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان آئندہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کے خلاف چوکس رہنے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک جلد جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر دستخط کریں گے۔اقتصادی پیکیج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو سرکاری دورۂ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔