ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل لرننگ ڈے پر پیغام جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل لرننگ کے دور میں ترقی ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم سے مشروط ہے۔ پنجاب کے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ممکنہ مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ سی ایم لیپ ٹاپ سکیم پنجاب کے طلبہ کے لیے ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا-
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں نوجوانوں کو انٹرنیشنل مارکیٹ بیسڈ ایڈوانس آئی ٹی ٹریننگ پروگرامز کرائے جارہے ہیں- نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور فری لانسنگ جیسے کورسز کے مواقع دے رہے ہیں- بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فری لانسرز کی آئی ٹی کورسز سرٹیفیکیشن کرائی جا رہی ہے-
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں سمارٹ کلاس رومز اور ڈیجیٹل لیب بنا رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی سے روایتی تعلیم کو زیادہ مؤثر اور دلچسپ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور میں پاکستان کا پہلا منفرد نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں- نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ٹوئین ٹاور اسی سال مکمل کر لئے جائیں گے۔ نواز شریف آئی سٹی میں پلگ اینڈ پلے کال سینٹر ہب بھی قائم ہوگا۔
اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں عالمی سطح کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹیاں کیمپس قائم کرنے کےلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں-ڈیجیٹلائزیشن سے نوجوانوں کو خودمختاری، ترقی اور کامیابی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں-