ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقے کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سستے گھروں کے منصوبے فوری شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک میں رہائشی سہولیات کی بہتری اور تعمیراتی شعبے میں اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر شہری کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کا آغاز ناگزیر ہے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ایف بی آر اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ‘ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن’ پر مشاورت جاری ہے، تاکہ سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ عام آدمی تک ہاؤس فنانس کی سہولت مؤثر اور آسان انداز میں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ہاؤس مورٹگیج سے متعلق قانونی اصلاحات کے مسودے پر کام جاری ہے، جس کے نتیجے میں بینکوں کے ذریعے گھروں کے لیے قرضوں کا حصول مزید آسان ہو جائے گا۔