ویب ڈیسک: سال 2025 کے دوران پاکستانی اعلیٰ شخصیات کو غیر ملکی دوروں میں ملنے والے 422 قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور دیگر اہم حکومتی شخصیات نے اپنے تحائف جمع کروائے۔
اسی طرح عسکری قیادت، جن میں عاصم منیر، ظہیر احمد بابر سدھو اور نوید اشرف شامل ہیں، نے بھی انہیں ملنے والے تحائف توشہ خانہ کے حوالے کر دیے۔ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی و سرکاری شخصیات، افسران اور اہلکاروں نے بھی اس عمل میں حصہ لیا۔
حکام کے مطابق ان تحائف میں قیمتی گھڑیاں، قالین، پرفیوم، شالیں، تلواریں، آرائشی اشیاء، پینٹنگز اور یادگاری شیلڈز شامل ہیں، جبکہ سب سے زیادہ تحائف وزیراعظم شہباز شریف کو موصول ہوئے۔
کیبنٹ ڈویژن کے مطابق نئے قانون کے تحت کوئی بھی سرکاری تحفہ ذاتی طور پر نہیں رکھا جا سکتا؛ تمام تحائف پہلے توشہ خانہ میں جمع ہوتے ہیں اور بعد ازاں شفاف طریقے سے نیلام کیے جاتے ہیں۔