ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں اسٹاف کی شدید کمی کے باعث 37 سرکاری گرلز پرائمری اسکول بند کر دیے گئے، جس کے باعث سیکڑوں بچیوں کی تعلیم خطرے میں پڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل میں 21، تحصیل باڑہ میں 12 اور تحصیل جمرود میں 4 گرلز اسکول بند ہو چکے ہیں۔ ان اسکولز کی بندش سے مقامی آبادی شدید پریشانی کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں میں خواتین اساتذہ ڈیوٹی دینے سے گریز کرتی ہیں، جب کہ مقامی سطح پر بھی تربیت یافتہ خواتین اساتذہ کی شدید قلت ہے، جس کے باعث اسکولز فعال رکھنا ممکن نہیں رہا۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق اگر فوری طور پر خواتین اساتذہ کی بھرتی نہ کی گئی تو ان علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم مکمل طور پر مفلوج ہو سکتی ہے۔