ویب ڈیسک: قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی تیز ترین خاتون اسپرنٹر تامین خان ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تامین خان نے نیشنل چیمپئن شپ سمیت تین ایونٹس میں گولڈ میڈل جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جس کے بعد ان کا انتخاب کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے کیا گیا۔ وہ اس چیمپئن شپ کے لیے منتخب ہونے والی واحد پاکستانی خاتون ایتھلیٹ ہیں اور 100 میٹر ریس میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔

اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے تامین خان نے کہا کہ میرا فوکس اس وقت ایشین چیمپئن شپ پر ہے اور میرا ہدف یہی ہے کہ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاکستان کا پرچم بلند کروں۔اپنی شیڈول کےحوالے سے کہاکہ وہ ہفتے میں تین روز ٹریک پر ٹریننگ کرتی ہیں جبکہ تین روز جم اور فٹنس کے لیے مخصوص کئے ہیں۔
تامین خان نے کہاکہ میرے پاس اولمپکس سے قبل تین سال کا وقت ہے اگر بیرونِ ملک ٹریننگ کا موقع ملا تو میں اولمپکس کے لیے بھرپور تیاری کر سکتی ہوں۔
ملک میں دستیاب سہولیات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پشاور کے قیوم اسٹیڈیم میں فزیکل ٹریننگ تو ممکن ہےلیکن وہاں معیاری ریس ٹریک موجود نہیں۔مجھے گھاس پر ٹریننگ کرنا پڑتی ہے جبکہ حیات آباد کا ٹریک چھوٹا اور خستہ حال ہے لیکن میں اپنی تیاری سے مطمئن ہوں۔
تامین خان کی یہ جدوجہد نہ صرف نئی ایتھلیٹس کے لیے ایک مثال ہے بلکہ کھیلوں میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک امید کی کرن بھی ہے۔