سابق وزیراعظم عمران خان نے مجھے اہم عہدے کی پیشکش کی تھی: حمزہ علی عباسی

سابق وزیراعظم عمران خان نے مجھے اہم عہدے کی پیشکش کی تھی: حمزہ علی عباسی

ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکارہ حمزہ علی عباسی نے خود سے متعلق اہم بات بتاتے ہوئے کہا انہیں سیاست سے کوئی لگاؤ نہیں، مشیر ثقافت کا عہدہ بھی ٹھکرا دیا تھا ۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نےایک پوڈکاسٹ میں نہ صرف اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی بلکہ نوجوان نسل کے مسائل اور ملکی سیاست پر بھی جامع رائے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی سیاست کو بطور پیشہ اپنانے کے خواہش مند نہیں رہے، بلکہ محض ایک تحریک کا حصہ بنے تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے انہیں مشیرِ ثقافت بنانے کی پیشکش ہوئی تھی، مگر انہوں نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ مستقبل میں سیاست میں کوئی عملی کردار ادا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

سیاسی حالات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ جو لوگ جیل گئے اور جنہوں نے دوسروں کو جیل بھیجا، اب دونوں فریقین کو ایک دو قدم پیچھے ہٹ کر معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اگرچہ موجودہ ملکی حالات نسبتاً بہتر ہیں، لیکن اگر اتفاق اور اجتماعی حکمتِ عملی اختیار نہ کی گئی تو صورتحال بگڑ بھی سکتی ہے۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام طبقات کو مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔

انٹرویو کے دوران حمزہ علی عباسی کا موسیقی کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسلام میں تمام موسیقی یا آلات موسیقی حرام قرار نہیں دیے گئے۔ بعض مخصوص آلات اور انداز پر اعتراض ہو سکتا ہے، لیکن مجموعی طور پر موسیقی کی ممانعت نہیں ہے۔

فیملی وی لاگنگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر اسے اسلامی اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔

نوجوانوں میں ذہنی دباؤ سے متعلق بات کرتے ہوئے حمزہ نے کہا کہ ڈپریشن کو صرف روحانی مسئلہ سمجھنا غلط ہے، یہ ایک میڈیکل حالت بھی ہو سکتی ہے، جو ہارمونی توازن بگڑنے سے پیدا ہوتی ہے۔ ایسے میں ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی شرمندگی یا ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

Watch Live Public News