(ویب ڈیسک ) چین میں ایک خاتون کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ایئرپورٹ پر چہرے کی شناخت کا نظام (فیشل ریکگنیشن) اس کا چہرہ شناخت کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اسے زبردستی اپنا میک اپ صاف کرنا پڑا۔
یہ واقعہ شنگھائی ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کی ایک مختصر ویڈیو حال ہی میں چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان لڑکی گیلا ٹشو استعمال کرتے ہوئے اپنا میک اپ صاف کر رہی ہے جبکہ ایک خاتون کی آواز اسے ڈانٹ رہی ہے۔
ویڈیو میں موجود ایئرپورٹ اہلکار خاتون نے لڑکی سے کہتی ہے "سارا میک اپ صاف کرو، جب تک تم اپنےآئی ڈی کارڈ والی تصویر جیسی نہ لگو۔ تم نے ایسا میک اپ کیوں کیا؟ خود ہی مصیبت مول لی ہے۔"
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ لڑکی نے آخرکار فیشل ریکگنیشن پر کلیئرنس حاصل کی یا نہیں، لیکن سوشل میڈیا پر اس واقعے نے ہنسی مذاق اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ چھیڑ دیا۔
ایک صارف نے کہا "یہ تو نہیں ہو سکتا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی فلٹر لگا کر گھومے!"
کچھ افراد نے خاتون کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی کافی شرمندہ لگ رہی تھی، اس پر مزید ڈانٹنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ کچھ نے سوال اٹھایا کہ آج کے جدید فیشل ریکگنیشن سسٹمز کو اتنی معمولی تبدیلی سے کیوں پریشانی ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں، جب کچھ چینی خواتین جنوبی کوریا سے پلاسٹک سرجری کروا کر واپس آئیں اور ان کا چہرہ اتنا بدل چکا تھا کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تصویر سے بالکل مختلف نظر آ رہی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں ملک میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔