ویب ڈیسک: آرمی چیف کی توسیع کیخلاف درخواست سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے عدم پیروی پر خارج کردی۔
تفصیلا ت کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بینچ نے آرمی چیف کی توسیع کیخلاف درخواست خارج کردی۔آئینی بینچ نے عدم پیروی پر درخواست کو خارج کردیا۔
رجسٹرار آفس کے درخواست پر نا قابل سماعت کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے فیصلہ کیا۔
اعلی عدلیہ ججز کی پارلیمنٹ میں تقریروں کیخلاف درخواست خارج
ادھر سپریم کورٹ آئینی بینچ نے اعلی عدلیہ ججز کی پارلیمنٹ میں تقریروں کیخلاف درخواست خارج کردی۔عدالت نے درخواست گزار محمد اختر نقوی کی عدم پیروی پر درخواست خارج کی۔آئینی بینچ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھے۔جسٹس امین الدین خان سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
7 رکنی آئینی بنچ کو ہی اب فل کورٹ سمجھیں، جسٹس جمال خان مندوخیل
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں گھی ملز پر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں اس کیس پر فیصلہ دے چکا ہوں،میرے خیال میں مجھے کیس نہیں سننا چاہیے۔
وکیل درخواست گزار نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں فل بنچ کا فیصلہ ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمار کس دیئے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے بعد اب فل کورٹ نہیں رہا۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمار کس دیئے کہ اس 7 رکنی آئینی بنچ کو ہی اب فل کورٹ سمجھیں۔
عدالت نے وفاق سمیت تمام صوبوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔
ایک وقوعہ پر 2 ایف آئی آرز کااندراج،سپریم کورٹ نےدرخواست خارج کردی
ایک وقوعہ پر 2 ایف آئی آرز کے اندراج کا معاملہ،جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل درخواست گزار وسیم احمد خان کی سخت سرزنش کرتے ہوئےریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں ایسے کیسز کی وجہ سے زیر التواء مقدمات تعداد 60 ہزار مقدمات ہو چکی ہے،ہمیں 60 ہزار زیر التواء مقدمات بار بار یاد کرائے جاتے ہیں،کیوں نا آپکی درخواست جرمانہ کیساتھ خارج کریں،آپ تو وکیل ہے آپ بھی ایسے کیسز عدالتوں میں دائر کرینگے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمار کس دیئے کہ صغریٰ بی بی کیس میں عدالت فیصلہ دے چکی ہے،دوسری ایف آئی آر کے اخراج کیلئے ہائیکورٹ کیوں نہیں گئے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے درخواست نا قابل سماعت قرار دیکر خارج کردی۔
نجی ٹی وی چینل کیخلاف تنخواہوں کی عدم ادائیگیاں،سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا
نجی ٹی وی چینل کیخلاف تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں پر سماعت کرنے والا آئینی بینچ ٹوٹ گیا،جسٹس عائشہ ملک نے تنخواہوں سے متعلق از خود نوٹس کیس سننے سے انکار کردیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بول نیوز ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے نیا آئینی بینچ تشکیل دیا جائے گا۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ معزز جج صاحبہ نے از خود نوٹس سننے سے انکار کیا ہے۔کیس اہم ہے آج عدالتی کارروائی کو ملتوی کر رہے ہیں،تنخواہوں کا کیس نئے آئینی بینچ میں سماعت کیلئے لگے گا۔
زیر زمین پانی پر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی
زیر زمین پانی پر ٹیکس کے نفاذسے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی بنچ نے کی۔
صوبائی لاء افسران نے موقف اپنایا کہ پنجاب اور خیبرپختواہ نے قانون سازی کرلی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ باقی صوبے بھی قانون سازی کر لیں،جب قانون نہیں بنایا جائے گا تو مقدمات بیس بیس سال تک ہی چلتے رہیں گے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ اپنا کام نہیں کیا جاتا پھر کہتے ہیں عدالتیں کام نہیں کرتیں۔
بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔