یوکرین کا روس پر امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ، روس نے  نیوکلیئر ڈاکٹرائن تبدیل کرلی

یوکرین کا روس پر امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ، روس نے  نیوکلیئر ڈاکٹرائن تبدیل کرلی

(ویب ڈیسک ) یوکرین کو روس کے اندر حملے کی امریکی اجازت کے بعد روس نے نیوکلیئر ڈاکٹرائن تبدیل کردی۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے روس کی نئی  نیوکلیئر ڈاکٹرائنکی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نئی   نیوکلیئر ڈاکٹرائن کے تحت کسی بھی غیر جوہری ملک کا روس پر حملہ، اگر کسی جوہری طاقت کی حمایت سے ہو تو  وہ دونوں ممالک کا روس پر مشترکہ حملہ تصور کیا جائے گا۔

نئی   نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں کہا گیا ہے کہ روس یا اس کے اتحادی بیلا روس پر اگر روایتی ہتھیاروں سے ایسا حملہ کیا گیا جو اس کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت  کے لیے کسی بڑے خطرے کا سبب بنے تو اس صورت میں بھی روس جوہری ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔

نئی روسی   نیوکلیئر ڈاکٹرائن کے تحت کسی فوجی اتحاد یا بلاک کے رکن کی جانب سے روس پر جارحیت پورے اتحاد کی جارحیت تصور کی جائے گی۔

نئی   نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں کہا گیا ہے کہ   روس پر کسی بڑے فضائی حملے کی صورت میں جوہری ردعمل دیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ   روس کی یہ نئی   نیوکلیئر ڈاکٹرائن ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو امریکا کے فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے روس کے اندر حملے کی اجازت دی ہے۔

تاہم ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے واضح کیا ہے کہ  اس دستاویز کی اشاعت کا وقت پہلے سے طے شدہ تھا اور پیوٹن نے رواں سال کے آغاز میں اس ڈاکٹرائن کو موجودہ صورتحال کے مطابق تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

Watch Live Public News