بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری ، ایپکس کمیٹی اعلامیہ

بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کی منظوری ، ایپکس کمیٹی اعلامیہ

(ویب ڈیسک )   اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے اور قومی اور صوبائی انٹیلیجنس فیوژن اور خطرات کی تشخیص کے مراکز کے قیام پر  بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، وفاقی وزراء اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وزیراعظم  نے ملکی مسائل سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور مثبت قومی بیانیے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔وزیرا عظم شہباز شریف نے  کہا کہ  عزم استحکام کے مشن کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام انتہائی اہم ہے، محمد نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور میں مکمل سیاسی اتفاق رائے کے بعد قومی سطح پر فوجی آپریشن کے نتیجے میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا تھا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ  آج ایک بار پھر ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشتگردی کی عفریت کا سر کچلنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اولین ترجیح ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی سے نمٹنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں نیکٹا کو دوبارہ فعال کرنے اور قومی اور صوبائی انٹیلیجنس فیوژن اور خطرات کی تشخیص کے مراکز کے قیام پر اتفاق  کیا گیا۔ اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی مہم سے متعلق وفاقی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی زیر نگرانی ضلعی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق   اجلاس میں بلوچستان میں متحرک دہشتگرد تنظیموں کے سد باب کے لیے جامع فوجی آپریشن شروع کرنے پر اتفاق  کیا گیا  ہے۔

اجلاس میں پاکستان کی کاؤنٹر ٹیررزم مہم کی تجدید کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اس کے علاوہ  ملک اور خطے میں دہشتگردی، مذہبی انتہا پسندی، گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے متعلقہ اداروں کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

Watch Live Public News