ویب ڈیسک: سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ کینیڈا کی حکومت نے خالصتان ریفرنڈم کے انعقاد کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ ان کے مطابق ریفرنڈم 23 نومبر کو اوٹاوا کے بلنگز اسٹیٹ میں منعقد کیا جائے گا۔
گرپتونت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈین حکومت کی منظوری آزادیٔ اظہار اور جمہوری عمل کے لیے اس کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالصتان ریفرنڈم بندوق کے مقابلے میں ووٹ کے ذریعے پُرامن جدوجہد کا راستہ ہے۔
انہوں نے دنیا بھر میں موجود سکھ برادری سے اپیل کی کہ وہ پنجاب کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔
گرپتونت سنگھ نے مزید کہا کہ خالصتان تحریک کے معاملے پر کینیڈا کے مؤقف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی داخلی و خارجی پالیسیوں کی ناکامیاں عالمی سطح پر بے نقاب کر دی ہیں۔