ویب ڈیسک: قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ افراد نے لیویز پوسٹ پر حملہ کر کے پوسٹ انچارج کو شہید کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کے مطابق، جرائم پیشہ افراد کوئٹہ چمن شاہراہ پر لوٹ مار کر رہے تھے۔ جب انہوں نے ایک وین چھیننے کی کوشش کی، تو پولیس کی جوابی کارروائی پر ملزمان نے لیویز پوسٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں پوسٹ انچارج شہید ہوگئے۔
حملے کے بعد ملزمان اپنی ایک گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے، جسے مقامی لوگوں نے آگ لگا دی۔
ڈی پی او قلعہ عبداللہ کے مطابق، ملزمان کی پناہ گاہ قریبی پہاڑوں میں واقع ہے جس کا محاصرہ کر لیا گیا ہے۔ ان کے سرغنہ فقیر محمد کی زندہ یا مردہ گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ فقیر محمد پر 15 مختلف قتل کے مقدمات ہیں اور وہ لیویز اور پولیس کے لیے مطلوب ہے۔