امریکا کی قومی سکیورٹی ایجنسی کا چین کےنیشنل ٹائم سروس سینٹر پر سائبر حملہ

امریکا کی قومی سکیورٹی ایجنسی کا چین کےنیشنل ٹائم سروس سینٹر پر سائبر حملہ

ویب ڈیسک: چین نے امریکا کی قومی سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) پر اپنے نیشنل ٹائم سروس سینٹر پر سائبر حملے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

چین نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس اہم تنصیب کو نقصان پہنچا تو اس کے نتیجے میں نیٹ ورک کمیونیکیشنز، مالیاتی نظام اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

چینی وزارتِ ریاستی سلامتی نے وی چیٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکی این ایس اے نے 2022 میں ایک غیر ملکی موبائل فون برانڈ کی میسجنگ سروسز میں موجود کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرکز کے عملے کے زیر استعمال آلات سے حساس معلومات چوری کیں۔ وزارت نے تاہم اس برانڈ کا نام ظاہر نہیں کیا۔

وزارت نے مزید دعویٰ کیا کہ این ایس اے نے 42 اقسام کے ’خصوصی سائبر حملہ جاتی ٹولز‘ استعمال کرتے ہوئے متعدد اندرونی نیٹ ورک سسٹمز کو نشانہ بنایا اور 2023 سے 2024 کے دوران ایک اہم ٹائمنگ سسٹم میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

نیشنل ٹائم سروس سینٹر چین کے معیاری وقت کی تیاری اور تقسیم کا ذمہ دار ہے اور یہ مرکز ٹیلی کمیونیکیشن، مالیات، توانائی، ٹرانسپورٹ اور دفاع سمیت اہم شعبوں کو وقت سے متعلق خدمات فراہم کرتا ہے، مرکز کو ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

وزارتِ سلامتی نے کہا کہ امریکا خود ایسے اقدامات میں ملوث ہے اور دوسروں پر وہی الزامات عائد کرتا ہے جو وہ خود کرتا ہے، اور بار بار چین کے خلاف سائبر خطرات کا شور مچا رہا ہے۔

Watch Live Public News