بھارت آئندہ ماہ پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے،اعزازچودھری کا دعویٰ

بھارت آئندہ ماہ پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے،اعزازچودھری کا دعویٰ
کیپشن: بھارت آئندہ ماہ پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے،اعزازچودھری کا دعویٰ

ویب ڈیسک: سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت اکتوبر میں پاکستان پر فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی سیاست کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیشہ پاکستان مخالف بیانیہ اپناتے ہیں اور نومبر میں بھارتی ریاست بہار کے انتخابات کے تناظر میں یہ خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

اعزاز چوہدری کے مطابق بھارتی قیادت ماضی میں بھی الیکشن کے دوران پاکستان مخالف اقدامات کے ذریعے ووٹرز کو متحرک کرتی رہی ہے، اس لیے پاکستان کو کسی بھی ممکنہ جارحیت کے مقابلے کے لیے ہر سطح پر تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ بیانات اور سرحدی حرکات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی و عسکری دونوں محاذوں پر فوری حکمت عملی تیار کرنا ناگزیر ہے۔

پروگرام میں شریک تجزیہ کار ہما بقائی نے زور دیا کہ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی اور ریاستی سرپرستی کے ثبوت عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے چاہئیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ان شواہد کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سمیت اہم بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کیا جائے تاکہ بھارت کی اصل تصویر دنیا کے سامنے آسکے۔

دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفارت کاروں کو بریفنگ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ عالمی برادری کو بھارتی عزائم اور پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا جا سکے۔

Watch Live Public News