ICCکاPCBکیخلاف ایکشن کا دعویٰ،بھارتی میڈیا کا نیاشوشہ

ICCکاPCBکیخلاف ایکشن کا دعویٰ،بھارتی میڈیا کا نیاشوشہ
کیپشن: ICCکاPCBکیخلاف ایکشن کا دعویٰ،بھارتی میڈیا کا نیاشوشہ

ویب ڈیسک: ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں جاری کشیدگی کے بعد بھارتی میڈیا نے ایک اور نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو مبینہ طور پر ایشیا کپ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی پر نوٹس بھیج دیا ہے اور سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

بھارتی چینل انڈیا ٹوڈے کے مطابق آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے پی سی بی کو ایک ای میل بھیجی ہے، جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کو کس اجازت کے تحت فلمایا گیا؟ رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ میں موبائل فون اور کیمرے لے جانے پر پابندی تھی، مگر پاکستانی ٹیم نے ویڈیو ریکارڈنگ کی۔

مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی سی بی نے میچ ریفری کی معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس پر آئی سی سی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے قوانین کی خلاف ورزی پر آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف ایکشن پر غور کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب بھارت کے خلاف میچ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی سے ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد میں اینڈی پائی کرافٹ کو پی سی بی اور پاکستانی ٹیم سے باضابطہ معافی مانگنی پڑی تھی۔

کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی یہ نئی رپورٹ پاک-بھارت میچ (21 ستمبر) سے قبل ایک اور دباؤ کی کوشش ہے، تاکہ میدان میں اترنے سے پہلے ہی پاکستان ٹیم پر تناؤ بڑھایا جا سکے۔

Watch Live Public News