ویڈیو: نئے آئی فون کی خریداری کے دوران نوجوان گتھم گتھا، تھپڑوں، گونسوں کی بارش

ویڈیو: نئے آئی فون کی خریداری کے دوران نوجوان گتھم گتھا، تھپڑوں، گونسوں کی بارش

ویب ڈیسک: ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں ایپل اسٹور کے باہر جمعہ کی صبح شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جب خریدار اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد نئے آئی فون 17 کے مختلف ماڈلز خریدنے کے لیے آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں افراد ایپل اسٹور کےسامنے جمع ہیں، اچانک ہنگامہ آرائی شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گئی، نوجوانوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں، گونسوں کی بارش کردی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  ایک سرخ قمیض پہنے نوجوان کو سکیورٹی اہلکار قابو کر کے بھیڑ سے باہر نکال رہا ہے جس پر وہ طیش میں آکر سکیورٹی والے سے الجھ پڑا، پاس ہی موجود دوسرے سکیورٹی اہلکار نے فوری مداخلت کرتے ہوئے اس نوجوان اور سکیورٹی اہلکار کو ایک دوسرے سے دور کیا, ویڈیو میں بھارتی فوج کے یونیفارم میں دو اہلکار بھی نظر آئے۔ 

اسی دوران سفید قمیض میں ملبوس ایک اور خریدار سکیورٹی گارڈ کے پاس جا کر اس کی خیریت دریافت کرتا ہے، جبکہ پس منظر میں جھگڑا بدستور جاری رہتا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں ایک اور گارڈ ہاتھ میں لاٹھی لیے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اکیلا ہونے کے باعث وہ بھی زیادہ کامیاب نہیں ہو پاتا۔

اس ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں خواتین کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس واقعہ کی ویڈیو ان خواتین نے بنائی ہے۔

Watch Live Public News