ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے 12ویں میچ میں بھارت نے عمان کو 21 رنز سے ہرا دیا۔
ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، ابھشیک شرما نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ سنجو سیمسن نے 56 رنز بنائے۔
عمان کے شاہ فیصل سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 2 وکٹیں 23 رنز دے کر حاصل کیں، جبکہ دیگر بولرز نے بھی درمیانی اوورز میں بھارت کی رفتار کو سست کیا، خاص طور پر آخری تین اوورز میں جب بھارت صرف 21 رنز بنا سکا اور صرف ایک چوکا لگا۔
بھارت کے 188 رنز کے جواب میں عمان نے بھی بھرپور مقابلہ کیا اور زبردست انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، عامر کلیم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 اور حماد مرزا نے51 رنز بنائے۔
بھارت نے میچ 21 رنز سے جیت لیا، ایونٹ میں آج سے سپر فور مرحلے کا آغاز ہوگا، پہلے میچ میں بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں کبھی پہلے بیٹنگ نہیں کی، وہ آج پہلے بیٹنگ کریں گے۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں 2 میچ جیتنے کے بعد پہلے ہی سپر فور میں پہنچ چکی ہے، جبکہ گزشتہ روز سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹ سے ہرا کر سپر فور کےلیے کوالیفائی کیا تھا۔