”اپوزیشن اسلام کی نہیں، اسلام آباد پر قبضہ کی لڑائی لڑ رہی ہے“

”اپوزیشن اسلام کی نہیں، اسلام آباد پر قبضہ کی لڑائی لڑ رہی ہے“

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اسلام کی نہیں بلکہ اسلام آباد پر قبضے کی لڑائی لڑ رہی ہیں۔ ماضی کے ادوار میں قومی اداروں کو تباہ کیا گیا۔ پارلیمنٹ میں ہمیں دنگا فساد کی بجائے مہذب رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بارے میں غلط الفاظ پر شاہدخاقان عباسی کی مذمت کرتے ہیں۔

کابینہ اجلاس پرمیڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ شوکت ترین نے آج پہلی بارکابینہ اجلاس میں شرکت کی۔ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے۔ ووٹ کا حق دینے کیلئے انٹرنیٹ بیس ووٹنگ نظام وضع کرنا ہوگا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی ہے اور عملی مظاہرہ بھی کیا جاچکا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک الیکٹرانک ووٹنگ مشین پاکستان میں تیار ہوئی جبکہ دو بیرون ملک سے منگوائی گئیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کےاستعمال سے متعلق ضروری قانون سازی کرنا ہوگی۔ کابینہ میں کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بنیادی اشیاء کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق مرکزی ڈیٹا بیس تیارکیاجائے گا۔ کابینہ نے وفاق کے زیرانتظام 5 ہسپتالوں کے ایم ٹی آئی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔ وفاقی حکومت چاہتی کہ کراچی میں وفاق کے زیرانتظام ہسپتالوں کو مل کر چلایا جائے۔ کابینہ نے ظہیر عباس کھوکھر کو چیئرمین پاکستان بیت المال تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ کراچی سے کابل تک یونیسیف کے کنٹینرز کی ترسیل کی منظوری دی گئی ہے۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے تنظیم نو کی جارہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کو بارہا کہہ چکے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں مل بیٹھیں۔ شہید پولیس اہلکاروں کو نہیں بھول سکتے ، قتل کی ایف آئی آر عدالت ہی ختم کرسکتی ہے۔ حالیہ دنوں میں تشدد کو ہوا دینے والے ٹوئٹر اکاؤنٹس بھارت سے آپریٹ ہورہے تھے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔